دنیا بھر میں 2 فروری آب گاہوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جارہا ہے۔ یہ دن ہر سال دنیا بھر میں ریمسر کنونشن کے تحت منایا جاتا ہے۔
2فروری1971کو ایران کے شہر ریمسر میں منعقد ہونے والے عالمی کنونشن میں 95ممالک نے شرکت کی تھی اورطے کیا تھا کہ دنیا بھر میں انحطاط پزیر ہونے والی آب گاہوں کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ دن منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس امر میں اب کوئی دو رائے نہیں کہ انسانی سرگرمیوں اور فطرت کے امور میں مسلسل بے جا مداخلت کے نتیجے میں زمینی درجہ حرارت میں تواتر سے اضافہ
ہورہا ہے اور جس کے سنگین اثرات زمین کے مختلف خطوں میں نظر آرہے ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک پورے سال ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے عالمی دنوں کا انعقاد کرتے ہیں اور کرہ ارض پر بسنے والے سات ارب انسانوں کو اس میں شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ عوام میں ان مسائل متعلق شعور و آگاہی پیداہوسکے اور وہ اس واحد زمینی سیارے کے مستقبل کو محفوظ کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
اسی تناظر میں 2 فروری کو دنیا بھر میں آب گاہوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔